|
|
|
24
June
2008 / 18
Jamadil Akhir
1429 |
|
|
|
شوکت
علی مظفر
shaukatmuzaffar@yahoo.com
ہنگامی مسلح لیگ
شیخوں سے ہمارا باقاعدہ تعارف لاہور اسٹیج کے نامور مزاحیہ اداکار نسیم وکی نے
کروایا تھا ورنہ اس سے پہلے ہم سمجھتے تھے کہ شیخ صاحبان عرب ممالک میں پائے جاتے
ہیں یا پھر خوبرو اداکاراوں کے ساتھ۔ ہمیں ہرگز علم نہ تھا کہ جاوید شیخ ،ان کے
بھائی سلیم شیخ اور نامور سیاستدان شیخ رشید کے علاوہ بھی کوئی شےخ پاکستان میں
پایا جاتا ہے۔
نسیم وکی کے مطابق شیخوں کی پوری برادری ہے جو پنجاب میں پائی جاتی ہے۔ جس معاملے
میں کراچی کی میمن برادری کو بدنام کیا جاتا ہے ،اسی مقام پر پنجاب والے شیخوں کو
رکھتے ہیں۔ یعنی یہ اتنے کنجوس ہوتے ہیں کہ کوئی شیخ بچہ ماں سے کہے کہ اسے باتھ
روم جانا ہے تو ماں تھپڑ مار تے ہوئے کہتی ہےکچھ دیر اور صبر کرو جب ماں سے وجہ
پوچھی جائے تو اس کا کہنا ہوتا ہےباتھ روم جائے گا تو پیٹ خالی ہوجائے گا اور جب
پیٹ خالی ہوگا تو کھانے کے لئے پھر کچھ مانگے گا۔ یہی نہیں شیخ مائیں اپنے بچوں کی
نیکر میں الاسٹک کی بجائے چیونگم کھینچ کر ڈال دیتی ہیں کہ الاسٹک کھائی تو نہیں
جاسکتی۔
شیخ برادری میں مزدوروں نے کام کرنا اس لئے چھوڑ دیا ہے کہ وہ کہتے ہیں ہمارا کام
ختم ہوگیا ہے، کچھ دو تو شیخ صاحبان ہاتھ اٹھا کر دعائیں دے دیتے ہیں۔ بہرحال جب
سے نسیم وکی نے شیخوں کے متعلق ہمارا ذہن خراب کیا ہے، ہمیں تو شیخ رشید صاحب بھی
ایسے ہی لگنے لگے ہیں، ہم جو ان کے کنوارے پن کو ان کا شوق سمجھتے رہے، وہ ان کی
مجبوری محسوس ہونے لگی ہے کہ بیویوں کے بارے میں کہا جاتا ہے، عورتیں ابتدائی جوانی
شوہر کی تلاش میں اور پھر اس کے بعد اس کی تلاشی میں وقت گزاردیتی ہیں۔ شیخ رشید کا
دھیما مزاج بھی ہمیں ان کی کنجوسی لگنے لگا کیونکہ پہلے جب وہ کوئی بات کرنے سے
پہلے اپنے مخصوص انداز میں کہتےدیکھیں جی! تو ہمیں بہت اچھے لگتے تھے، اب لگتا ہے
، وہ کہہ رہے ہوں دیکھیں جی! مجھ سے کوئی امید نہ رکھیں، کیونکہ میں شیخ پہلے رشید
بعد میں ہوں۔
شیخ صاحبان اور شیخ رشید آج اس لئے وجہ موضوع بنے ہیں کہ خبر اڑی ہے کہ شیخ صاحب نے
ہارنے کے بعد عوامی مسلم لیگ بنا ڈالی ہے اور یہ خوش آئند ہے ورنہ اس سے پہلے
ہمیشہ وہ مسلمLeg کھینچتے ہی رہے ہیں۔ اس عوامی مسلم لیگ کا مستقبل میں کیا کردا
ر ہوگا....یہ پاکستان کے مستقبل پر منحصر ہے لیکن شیخ رشید نے اپنی مسلم لیگ کا نام
عوامی مسلم لیگ اس لئے رکھا ہے کہ وہ ہر کام ابتدا سے کرنے کے عادی ہیں اور عوامی
انگریزی میںA سے بنتا ہے۔ جس طرح پاکستان مسلم لیگ مختصر P.M.Lلکھا جاتا ہے، اسی
طرح عوامی مسلم لیگ کا مخففAMLبنے گا جو عمل سے خالی ہوگا کیونکہ بانی کا ماضی
گواہ ہے۔ گواہ سے یاد آیا نسیم وکی کے ہی بقول شیخ صاحب نے آج تک کبھی گواہی نہیں
دی، اس لئے جہاں دینے کا معاملہ آجائے وہاں ان کا منہ بن جاتا ہے، شاید یہی وجہ ہے
کہ انہوں اپنے پیرو مرشد صدر مشرف کو کڑے وقت میں دعا تک نہ دی۔
جاپان میں بڑے کسی غلط کام پر شرمندہ ہوتے ہیں تو عوام کا سامنے کرنے کی بجائے خود
کشی کو ترجیح دیتے ہیں۔ امریکا میں کسی لیڈر سے امریکا میں غلط کام ہوجائے تو
وہاں کا قانون سختی برتتا ہے۔ بھارت میں سیاسی نیتاﺅں کی غلطیوں پر فلمیں بنا کر ان
کی کردار کشی کی جاتی ہے لیکن پاکستان واحد ملک ہوگا جہاں بری طرح ہارنے کے بعد نئی
پارٹی بنا لی جاتی ہے۔ ویسے شیخ رشید نے جتنی پارٹیاں بدلی ہیں، اتنا تو شیو کے لئے
بلیڈ نہ بدلے ہوں گے لیکن اب ہم اس پریشانی میں مبتلا ہیں کہ انہوں نے اپنی پارٹی
بناکر اپنے لئے مشکل کھڑی کرلی ہے کہ پارٹی بدلتے وقت انہیں دقت ہوگی کیونکہ یہ ان
کی اپنی پارٹی ہوگی، لیکن مَلک کہتا ہے شیخ صاحب کے لئے کوئی مسئلہ کبھی مسئلہ نہیں
رہا، اب تو ان کے لئے اور آسانی ہوگئی کہ پارٹی بدلنے کے لئے کم از کم ان کے پاس
اپنی پارٹی ہوگی ورنہ اس سے پہلے وہ دوسروں کی پارٹیاں بدلتے رہے ہیں۔
شیخ رشید صاحب نے جلد بازی سے کام لیا ہے، اگر وہ پارٹی بنانے سے قبل ہم سے مشورہ
کرتے تو ہم جامعہ حفصہ اور لال مسجد کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں مشورہ دیتے کہ وہ
اپنی پارٹی کا نامہنگامی مسلح لیگ رکھیں لیکن دیر اب بھی نہیں ہوئی، جہاں وہ
پارٹیاں بدلتے رہے ایک مرتبہ نام بدل کر بھی تجربہ کرلیں تو کیا حرج ہے۔؟؟ |
 |
|
|